
بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے بھارت میں امن کی صورتحال سے متعلق اپنے حالیہ بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ریمارکس ایک اسکرپٹڈ گفتگو کا حصہ تھے اور محض مزاحیہ انداز میں کہے گئے تھے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سنجے دت نے کہا کہ ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، ان کا مقصد کسی بھی فرد، برادری یا ادارے کی دل آزاری، بے عزتی یا تضحیک کرنا ہرگز نہیں تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے ریمارکس ایک اسکرپٹڈ گفتگو کا حصہ تھے جس کا مقصد صرف ہلکی پھلکی اور پرمزاح بات چیت کرنا تھا۔ اداکار کا کہنا تھا کہ گفتگو کا انداز ان کی فلم منا بھائی کے مزاح اور طنز جیسا تھا، جس میں گاندھی گیری کے ذریعے محبت، اپنائیت، اتحاد اور خیرسگالی کا پیغام دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ سنجے دت کے یہ ریمارکس شیکھر سمن کے چیٹ شو میں سامنے آئے تھے جہاں انہوں نے بھارت کے لوگوں کو گرمجوش اور مہمان نواز قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اب ملک میں پہلے جیسا امن محسوس نہیں ہوتا، جس پر سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد انہوں نے یہ وضاحت جاری کی۔
News Source: Express News