
جمیعت علمائے اسلام پاکستان نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت کے عمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریقین مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں، کیونکہ ملک کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے اور حکومت کو چاہیے کہ وہ لچک دکھائے۔ جمیعت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ایک طویل عرصے کے بعد حکومت اور اپوزیشن کا مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ایک خوش آئند بات ہے، اور جمہوری طریقے سے سیاسی مسائل کا حل صرف بات چیت ہی سے ممکن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اور اپوزیشن کو کھلے دل کے ساتھ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا چاہیے، باہمی اختلافات کے باوجود بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں اور دونوں جانب سے لہجے میں نرمی اختیار کی جانی چاہیے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کا خاتمہ صرف باہمی مفاہمت اور سنجیدہ مذاکرات سے ہی ہو سکتا ہے، ملک کے استحکام کی خاطر حکومت اپنے رویے میں لچک پیدا کرے۔ اسلم غوری نے زور دیا کہ بات چیت میں مثبت پیش رفت کے لیے سیاسی بصیرت ضروری ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے اور مسائل تصادم کے بجائے مذاکرات سے ہی حل ہوتے ہیں۔
News Source: Express News