سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف میچوں کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی کے کپتان مقرر

News Image

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق صاحبزادہ فرحان مختصر فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے فارمیٹ کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پی سی بی نے اہم اجلاس میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ اور کپتان کی تبدیلی کا باضابطہ اعلان کیا۔ سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے جس میں صاحبزادہ فرحان کو کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف ون ڈے سہ فریقی سیریز کے لیے شاہین شاہ آفریدی بطور کپتان برقرار رہیں گے۔ شیڈول کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جن میں پہلا میچ 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر اور تیسرا میچ 13 اکتوبر کو ہوگا۔ سری لنکا کے خلاف 15 رکنی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان، عبدالصمد، ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، حسن نواز، محمد عمران رندھاوا اور بطور وکٹ کیپر خواجہ نافع شامل ہیں۔ ان کے علاوہ معاذ صداقت، نسیم شاہ، رضا اللہ، صائم ایوب، محمد سلمان مرزا، شاداب خان اور سفیان مقیم بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ پی سی بی کے مطابق پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچوں پر مشتمل ون ڈے سہ فریقی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں ہوں گے جبکہ باقی تمام لیگ میچز اور فائنل لاہور میں منعقد ہوگا۔ ون ڈے مقابلوں کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے جس کی قیادت بدستور شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔ اس اسکواڈ میں ابرار احمد، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، محمد غازی غوری، حارث روف، حسن نواز، نسیم شاہ، رضا اللہ، سعد بیگ، صائم ایوب، شاداب خان اور سفیان مقیم شامل ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ٹیم مینجمنٹ میں مائیک ہیسن ہیڈ کوچ اور شان ٹیٹ بولنگ کوچ ہوں گے جبکہ مائیکل اسمتھ بیٹنگ کوچ اور منصور امجد فیلڈنگ کوچ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ مزید برآں نوید اکرم چیمہ قومی ٹیم کے منیجر ہوں گے، جبکہ راولپنڈی کے لیے شفقت شبیر اور لاہور کے لیے سید نذیر احمد میڈیا منیجر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اعلامیے کے مطابق کرنل عثمان انواری سیکیورٹی منیجر اور ڈاکٹر واجد علی رفاعی ٹیم ڈاکٹر کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی

رابطہ فارم

⚡
YourBolt AI
✖
Assalam o Alaikum! Main YourBolt AI hoon. Kuch bhi poochein — Roman Urdu mein jawab dunga.