
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ میں نام شامل کرنے کا نیا طریقہ کار متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت مقررہ یا توسیع شدہ تاریخ گزرنے کے بعد تازہ ترین ٹیکس سال کا انکم ٹیکس گوشوارہ جمع کرانے والے افراد مخصوص شرائط پوری کر کے سرچارج کی ادائیگی کے بغیر ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل ہو سکیں گے۔ ایف بی آر نے اس سلسلے میں انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کا مسودہ جاری کر دیا ہے جس کے تحت ٹیکس دہندگان کو یہ رعایت دینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ ایف بی آر نے مجوزہ ترامیم پر اعتراضات اور تجاویز بھی طلب کر لی ہیں، جو سرکاری گزٹ میں نوٹیفکیشن کی اشاعت کے 7 روز کے اندر بھجوائی جا سکتی ہیں۔ مجوزہ ترمیم کے مطابق اگر کوئی شخص مقررہ یا توسیع شدہ تاریخ کے بعد انکم ٹیکس گوشوارہ جمع کرائے اور آئرس کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 182 اے کی ذیلی دفعہ (3) کے تحت متعلقہ فارم میں حلفیہ یقین دہانی فراہم کرے تو اس کا نام سرچارج ادا کیے بغیر ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل کر دیا جائے گا۔
News Source: Express News