
سات سال بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں بابر اعظم کے قدم کیا پڑے، اسٹیڈیم میں جنون اور سنسنی کی ایسی لہر دوڑ گئی جس نے سیکیورٹی کے تمام حصار ہلا کر رکھ دیے۔ قائد اعظم ٹرافی میں او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان کی محض ایک جھلک پانے کے لیے شائقین کا جوش اس حد تک بے قابو ہوا کہ گزشتہ دو دنوں میں کئی مداح خطرات مول لیتے ہوئے اسٹیڈیم کی اونچی حفاظتی جالیاں پھلانگ کر میدان میں اتر آئے۔ اسی سنسنی خیز ماحول میں اچانک ایک دل دہلا دینے والا منظر سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر ایک معصوم بچے کی زار و قطار روتے ہوئے بابر اعظم سے ملنے کی دہائی وائرل ہو گئی۔ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور جیسے ہی یہ بات بابر اعظم تک پہنچی، انہوں نے پلک جھپکتے ہی اس ننھے مداح کی تلاش شروع کر دی اور فوراً خود اس کے پاس جا پہنچے، جہاں ایک مداح کا اشکبار خواب لمحوں میں سچائی میں بدل گیا۔
News Source: Express News