
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اقدامات سے شہری فیول سبسڈی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور اب تک 75 لاکھ شہری اس اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے پیٹرولیم کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر کم آمدنی والے اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں کے باعث عوام ریلیف حاصل کر رہے ہیں اور 15 ستمبر سے لے کر اب تک کے قلیل عرصے میں 75 لاکھ سے زائد شہریوں کا اس اسکیم سے فائدہ اٹھانا باعث اطمینان ہے۔ شہباز شریف نے اسکیم کے نفاذ کے لیے پوری حکومتی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم پوری حکومتی مشینری کے بہترین رابطے اور مشترکہ کوششوں کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے نائب وزیراعظم، وزیر آئی ٹی، وزیر اطلاعات، وزیر اقتصادی امور، وزیر خزانہ، اوگرا اور تمام وفاقی و صوبائی حکام کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ اس اسکیم کے تحت تیار ہونے والا مستحکم ڈیٹا بیس آئندہ بھی شہریوں کی فلاح کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پیٹرول سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک 84 لاکھ سے زائد افراد کی رجسٹریشن ہو چکی ہے جبکہ 75 لاکھ سے زائد شہری ریلیف حاصل کر چکے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ جاری کردہ 1 کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز میں سے 1 کروڑ 3 لاکھ ٹوکنز استعمال کیے جا چکے ہیں اور یہ اسکیم اب اپنے تیسرے ہفتے میں داخل ہو رہی ہے۔ حکام نے آگاہ کیا کہ پہلی اور دوسری بار فیول سبسڈی حاصل کرنے والے شہری اب اگلے ہفتے کی سبسڈی بھی لے سکیں گے۔ ملک کے 129 اضلاع میں اس اسکیم پر عمل درآمد جاری ہے اور تمام پیٹرول پمپس شہریوں کو سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ رہنمائی کے لیے 24 گھنٹے فعال کال سینٹر کام کر رہا ہے جبکہ وزیراعظم آفس کا پبلک افیئرز یونٹ اور عوامی نمائندے رجسٹریشن میں شہریوں کی مدد کر رہے ہیں۔ اس اہم اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، محمد اورنگزیب، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔
News Source: Express News