
ایف آئی پی انٹرنیشنل برانز پیڈل ٹورنامنٹ کا ویمنز ٹائٹل اسپین اور ارجنٹینا کی جوڑی نے اپنے نام کر لیا، فائنل میں انہوں نے روسی جوڑی کو 1-2 اور 6-2 سے شکست دی۔ انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن کے زیر اہتمام ایف آئی پی انٹرنیشنل برانز ٹورنامنٹ کے فائنلز اور اختتامی تقریب اتوار کو منعقد ہوئی۔ 28 لاکھ روپے انعامی رقم کے اس بین الاقوامی ایونٹ میں پرتگال، اٹلی، میکسیکو، کینیڈا، ارجنٹائن اور میزبان پاکستان سمیت 18 ممالک کے 100 سے زائد مرد اور خواتین کھلاڑی شریک ہوئے۔ ویمنز ایونٹ کی فاتح جوڑی نے کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی شاندار میزبانی ہمیشہ یاد رہے گی اور وہ یہاں کی مہمان نوازی سے بے حد لطف اندوز ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویمن پیڈل ٹیلنٹ تیزی سے ابھر کر سامنے آ رہا ہے اور امید ہے کہ ملک میں پیڈل کے بین الاقوامی مقابلوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
News Source: Express News