
پیغام رسانی کی مقبول ایپ واٹس ایپ نے کم عمر صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے اور والدین کو مزید اختیارات دینے کے لیے نئے ٹولز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد بچوں کو ان کی عمر کے مطابق زیادہ محفوظ اور مناسب واٹس ایپ تجربہ فراہم کرنا ہے۔ ان نئے ٹولز کی مدد سے والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے اضافی سہولیات استعمال کر سکیں گے۔ مثال کے طور پر اگر بچہ کسی واٹس ایپ گروپ میں شامل ہوتا ہے یا گروپ سے نکلتا ہے تو والدین کو نوٹیفکیشن موصول ہوگا۔ والدین بچوں کے اکاونٹس کے ڈیٹا سے متعلق بعض ترجیحات کو بھی کنٹرول کر سکیں گے۔ تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ان نئے حفاظتی اقدامات کا مطلب بچوں کی ذاتی گفتگو تک والدین کی رسائی ہرگز نہیں ہے۔ واٹس ایپ کے مطابق والدین کو اپنے بچوں کی جانب سے بھیجے یا موصول کیے جانے والے پیغامات پڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بچوں کی چیٹس اور کالز بدستور نجی رہیں گی اور انہیں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل رہے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ والدین کچھ خودکار سیٹنگز کو بھی کنٹرول کر سکیں گے۔ پن کوڈ کی مدد سے یہ بھی یقینی بنایا جا سکے گا کہ بچے والدین کی طے کردہ سیٹنگز کو خود تبدیل نہ کر سکیں۔ اس کے علاوہ والدین یہ فیصلہ بھی کر سکیں گے کہ ان کے بچے واٹس ایپ چینلز استعمال کر سکتے ہیں یا نہیں۔ اسی طرح میٹا اے آئی کی سیٹنگز کو بھی والدین اپنی مرضی کے مطابق ترتیب دے سکیں گے۔ واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ بچوں کے تحفظ سے متعلق یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دنیا بھر کی حکومتوں کی جانب سے ٹیکنالوجی کمپنیوں پر کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے دباو بڑھ رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق والدین کے لیے یہ نئے ٹولز آئندہ چند ہفتوں کے دوران دنیا بھر کے صارفین کو دستیاب کر دیے جائیں گے۔
News Source: Express News