
سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ پولیس نے حماد اظہر کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں 21 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا، اور پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت سے حماد اظہر کا مزید 14 روزہ ریمانڈ دینے کی استدعا کی گئی۔ حماد اظہر نے عدالت میں کہا کہ میری غیر موجودگی میں میرا 21 دن کا جسمانی ریمانڈ دیا گیا، یہاں قتل کے ملزم کا 14 روزہ ریمانڈ دیا جاتا ہے، کیا میرا جرم قتل سے بھی بڑھ گیا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ میری وکلا اور فیملی سے بھی ملاقات نہیں کروائی گئی۔ پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ ہم نے ملزم کا موبائل اور سم برآمد کرنی ہے، جو کہ اہم ثبوت ہیں۔ دریں اثنا، عدالت نے حماد اظہر کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کر دی۔ قبل ازیں، عدالت میں پیشی کے موقع پر حماد اظہر نے قیدی وین سے میڈیا کو دیکھ کر کہا کہ ہم بانی پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دوسری جانب، عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فلک جاوید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
News Source: Express News