
برطانیہ میں امریکی اور برطانوی فضائیہ کے زیرِ استعمال ایک حساس ایئربیس کے بالکل قریب اچانک شدید سنسنی پھیل گئی، جب پولیس نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے پورا علاقہ خالی کرانا شروع کر دیا۔ گلوڈیستر شائر کے گاؤں ویل فورڈ میں پیش آنے والے اس پراسرار واقعے کے بعد فوج کا بم ڈسپوزل اسکواڈ میدان میں اتر آیا ہے۔ دھماکا خیز مواد کے قوانین کی خلاف ورزی کے شبہے میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ عسکری ماہرین اس وقت کئی مشتبہ گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں۔ اس اہم فوجی اڈے کی دہلیز پر پیش آنے والے اس واقعے نے سیکیورٹی حلقوں میں خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔ پولیس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ آیا گاڑیوں سے بارودی مواد ملا ہے یا نہیں اور نہ ہی ملزمان کے اصل عزائم سامنے آ سکے ہیں۔ سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ علاقے میں سسپنس گہرا ہوتا جا رہا ہے۔
News Source: Express News