
کراچی کی ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے 3 روز قبل صرافہ بازار میں ڈکیتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ اور چاندی برآمد کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے کارروایی کرتے ہویے ملزم سعید احمد کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے 25 ستمبر کو کھارادر کے علاقے صرافہ بازار میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ چاندی کی ڈکیتی کی تھی، جہاں سے ملزمان اسلحے کے زور پر تقریباً 6 کلو چاندی لے کر فرار ہو گیے تھے۔ ملزم کو خفیہ اطلاعات اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے حراست میں لیا گیا۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ 31 اگست کو کھارادر کے کاغذی بازار میں کپڑے کے تھانوں کی ڈکیتی میں بھی ملوث رہا ہے۔ ملزم نے بتایا کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر کھارادر، کلری اور نیو ٹاون کے علاقوں میں بھی وارداتیں کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے دیگر 2 مفرور ساتھیوں کی تلاش جاری ہے جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گیی ہیں۔
News Source: Express News