پی ٹی آئی دہشت گردوں کی مالی معاونت میں ملوث ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

News Image

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاست کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں، پی ٹی آئی تمام حدود پار کر چکی ہے، خیبر پختونخوا حکومت ہر شعبے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی موجودہ قیادت کی نیت اور طبیعت دونوں خراب ہیں، اپنے موقف پر قائم ہوں کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی قیادت کالعدم ٹی ٹی پی کی بی ٹیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی، مسلم لیگ ن، جے یو آئی کی قیادت دہشت گردی کے خلاف جانوں کی قربانی دے چکے ہیں، صرف پی ٹی آئی کو دہشت گرد کچھ نہیں کہتے، ایسا کیوں ہے، پی ٹی آئی دہشت گردوں کی مالی معاونت میں ملوث ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کے پی میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں کیوں چل رہی ہیں، کے پی میں موٹر سائیکل پر بھی نمبر پلیٹ موجود نہیں، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو جان بوجھ کر قانونی دائرے میں نہیں لا رہی، یہی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال ہوتی ہیں۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کیا یہ بتا سکتے ہیں کہ صوبے میں صحت کے لئے کیا اقدامات کئے، ساڑھے بارہ سال سے زائد عرصہ انہوں نے خیبر پختونخوا میں حکومت کی ہے لیکن خیبر پختونخوا کے عوام بنیادی سہولیات کے حصول کے لئے دوسرے صوبوں کا رخ کرتے ہیں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے خیبر پختونخوا پولیس کے لئے جدید گاڑیاں دینے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے لینے سے انکار کر دیا، ہمارا پختہ عزم ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کریں گے، پی ٹی آئی قیادت نے خیبر پختونخوا پولیس کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے، سرفراز بگٹی بہادر اور باصلاحیت وزیراعلیٰ ہیں، پچھلے ایک سال میں نیشنل ایکشن پلان میں سہیل آفریدی اور سرفراز بگٹی کی میٹنگز کا موازنہ کیا جا سکتا ہے، سرفراز بگٹی کو سلام پیش کرنا چاہئے جو دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت فنڈز پولیس کی بجائے دھرنوں پر خرچ کر رہی ہے، خیبر پختونخوا حکومت پولیس کو پی ٹی آئی کا سیاسی ونگ بنانا چاہتی ہے، صوبائی پبلک سروس کمیشن کو ختم کر کے یہ تمام تقرریوں کا اختیار اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں، یہ حساب دیں کاؤنٹر ٹیررازم کی مد میں ملنے والا این ایف سی کا حصہ انہوں نے کہاں خرچ کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عمل درآمد ہو رہا ہے، پی ٹی آئی کو نہ نیشنل کا پتہ ہے، نہ ایکشن کا اور پلان سے بھی یہ لاعلم ہیں۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی