
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنایے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کے اعلان کے بعد ایران نے سخت ردعمل دیتے ہویے واضح کیا ہے کہ آبنایے ہرمز کو کھولنے یا بند کرنے کا فیصلہ صرف ایران کے اختیار میں ہے۔ ایرانی نایب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہویے کہا کہ ایران امریکی دھمکیوں یا طاقت کے مظاہرے سے خوفزدہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنایے ہرمز ایران کی تھی، ایران کی ہے اور ایران کی ہی رہے گی۔ کاظم غریب آبادی نے مزید کہا کہ آبنایے ہرمز پر کسی ٹویٹ، طیارہ بردار بحری جہاز یا حکم کے ذریعے قبضہ نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے مطابق جب تک امریکا اپنی شکست تسلیم کرکے خوش فہمیوں سے باہر نہیں آتا، ایران آبنایے ہرمز کی ناکا بندی جاری رکھے گا۔ ایرانی نایب وزیر خارجہ کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا جلد آبنایے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان کرے گا۔ ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ امریکا ایران پر مزید سخت معاشی دباو ڈالنے کی تیاری کر رہا ہے، جس کا مقصد تہران کو جنگ ختم کرنے پر مجبور کرنا ہے۔ امریکی صدر کے اس موقف کے بعد آبنایے ہرمز کی ملکیت اور کنٹرول کا معاملہ ایک بار پھر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
News Source: Express News