
ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی ایپل کے اگلے انٹری لیول آئی پیڈ سے متعلق اہم معلومات سامنے آئی ہیں، جس کے 2027 کی دوسری سہ ماہی میں متعارف کروائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کے سسٹم کوڈ سے حاصل ہونے والی تفصیلات سے معلوم ہوا ہے کہ نیا آئی پیڈ جدید 'اے 19' چپ اور 8 جی بی ریم کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے۔ یہ موجودہ انٹری لیول ماڈل کی 'اے 16' چپ اور 6 جی بی ریم کے مقابلے میں ایک نمایاں اپ گریڈ ثابت ہوگا۔ نئے آئی پیڈ میں 'ایپل انٹیلی جنس' کی سپورٹ بھی شامل کیے جانے کی توقع ہے، جبکہ ایپل کے سری کے جدید مصنوعی ذہانت کے فیچرز بھی اس ڈیوائس کا حصہ بن سکتے ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس ٹیبلٹ میں ایپل کا نیا 'سی 1 ایکس' موڈیم بھی شامل کیا جا سکتا ہے جو سب 6 گیگا ہرٹز فائیو جی نیٹ ورکس کو سپورٹ کرے گا۔ اس کے علاوہ تیز رفتار رابطے کے لیے نئی 'این 1' نیٹ ورکنگ چپ دیے جانے کے امکانات ہیں، جس کی بدولت وائی فائی 7، بلوٹوتھ 6 اور تھریڈ جیسی ٹیکنالوجیز کی سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ایپل نے موجودہ انٹری لیول آئی پیڈ مارچ 2025 میں لانچ کیا تھا، جس کی قیمت جون میں اضافے کے بعد 449 ڈالر ہو چکی ہے۔ نئے ماڈل میں زیادہ طاقتور چپ، اضافی ریم، مصنوعی ذہانت اور بہتر نیٹ ورکنگ فیچرز کی شمولیت کے باعث اس کی قیمت 499 ڈالر یا اس سے زائد ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ تاہم ایپل کی جانب سے نئے آئی پیڈ کی حتمی قیمت، لانچ کی تاریخ اور تکنیکی تفصیلات کے حوالے سے فی الحال باضابطہ طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
News Source: Express News