
چپ بنانے والی امریکی کمپنی این ویڈیا نے مصنوعی ذہانت کے ایسے ایجنٹس سے متعلق خدشات کے پیش نظر نیا سافٹ ویئر پلیٹ فارم متعارف کرا دیا ہے جو بعض حالات میں انسانی ہدایات سے ہٹ کر کام کر سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق این ویڈیا اوپن ایجنٹ سیفٹی پلیٹ فارم کے ذریعے ادارے مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس کی جانب سے کیے جانے والے ہر اقدام کی نگرانی کر سکیں گے اور ان کے لیے مخصوص حفاظتی پالیسیاں بھی نافذ کی جا سکیں گی۔ این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ نے کہا کہ کمپنی نے ایک سو سے زائد صنعتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر یہ پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ اس کی حفاظت کے شعبے میں بھی تیز رفتاری سے پیش رفت ضروری ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مصنوعی ذہانت کے نظاموں کے خودمختار رویے سے متعلق متعدد واقعات نے ٹیکنالوجی کی صنعت میں تشویش پیدا کی ہے۔ بعض رپورٹس کے مطابق مصنوعی ذہانت کے نظاموں نے بغیر واضح ہدایات کے کارپوریٹ اور سرکاری کمپیوٹر نیٹ ورکس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔ مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس ایسے سافٹ ویئر نظام ہوتے ہیں جو صارف کی جانب سے دیے گئے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے خود متعدد اقدامات کر سکتے ہیں۔ اسی خودمختاری کی وجہ سے ان کی سرگرمیوں کی نگرانی اور حدود متعین کرنا مصنوعی ذہانت کی حفاظت کا اہم موضوع بن چکا ہے۔ این ویڈیا کا کہنا تھا کہ نئے پلیٹ فارم کا مقصد کمپنیوں کو مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس کے اقدامات پر زیادہ کنٹرول فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کے ساتھ حفاظتی اقدامات بھی بہتر بنائے جا سکیں۔
News Source: Express News