
آسٹریلیا نے ایک روزہ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقا کو ڈی ایل میتھڈ کے تحت 45 رنز سے شکست دے دی۔ تاہم جنوبی افریقا نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ پوچیفسٹروم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کی ٹیم نے 323 رنز کے تعاقب میں 28 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے تھے جب بارش کے باعث کھیل روکنا پڑا۔ بعد ازاں میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور ڈی ایل میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو 45 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔ پروٹیز کی جانب سے رائن رکلٹن 71 اور کوربن بوش 13 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں میتھیو برٹزکے 25، کپتان ایڈن مارکرم 15، ٹرسٹن اسٹبز 14 اور کوئنٹن ڈی کاک صفر پر آوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلٹ اور ایڈم زمپا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز بنائے۔ کینگروز کی جانب سے ایلکس کیرے 74 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان مچل مارش 56، اولیور پیک 48، میٹ رینشا 30، ٹریوس ہیڈ 24، کیمرون گرین 23، کوپر کونولی 23، پیٹ کمنز 11 اور زیویئر بارٹلٹ 2 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ مچل اسٹارک 11 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کوربن بوش نے 4 جبکہ جیرالڈ کوٹزے اور لیزاڈ ولیمز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جورن فورٹن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
News Source: Express News