صومالی بحری قزاقوں نے 5 ماہ سے یرغمال 8 مصری شہریوں کو رہا کر دیا

News Image

صومالیہ کے ساحلی علاقے میں گزشتہ کئی ماہ سے بحری قزاقوں کی تحویل میں رہنے والے 8 مصری شہریوں کو بالآخر رہائی مل گئی۔ مصری وزارت خارجہ کے مطابق رہا ہونے والے افراد ایک تجارتی جہاز کے عملے میں شامل تھے جنہیں رواں سال مئی میں یرغمال بنایا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بحری قزاقوں نے 2 مئی کو صومالیہ کے علاقے پنٹ لینڈ کے ساحل کے قریب ایک تجارتی جہاز کو روک کر عملے کو یرغمال بنا لیا تھا۔ یرغمالیوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے صومالی اور یمنی حکام سے مسلسل رابطے رکھے گئے۔ کامیاب سفارتی کوششوں کے نتیجے میں تمام آٹھوں مصری شہریوں کو قزاقوں کے قبضے سے بحفاظت نکال کر وطن واپس پہنچا دیا گیا ہے، جہاں قاہرہ پہنچنے پر ان کے اہل خانہ اور حکام نے گہرے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔ صومالیہ کے ساحلی پانیوں میں بحری قزاقی ایک طویل عرصے سے عالمی جہاز رانی کے لیے بڑا خطرہ رہی ہے۔ اگرچہ حالیہ برسوں کے دوران بین الاقوامی بحری دستوں کی کارروائیوں کے سبب ایسے واقعات میں نمایاں کمی آئی، تاہم خطے کی مجموعی صورتحال اور تجارتی گزرگاہوں پر لاحق خطرات کے باعث قزاقی کا خدشہ اب بھی برقرار ہے۔ مصری حکام نے رہائی کے اس عمل میں صومالی اور یمنی فریقوں کے تعاون کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ دوسری جانب، 21 اپریل کو ایندھن بردار جہاز ایم ٹی آنر 25 کو بھی یرغمال بنایا گیا تھا جس کے عملے میں اکثریت پاکستانی شہریوں کی تھی۔ صومالی سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کارروائی کے دوران قزاقوں نے عملے کے پانچ ارکان کو قتل کر دیا تھا جن میں 3 پاکستانی، ایک بھارتی اور ایک میانمار کا شہری شامل تھا، جبکہ واقعے میں 3 دیگر پاکستانی اور ایک بھارتی شہری زخمی ہوئے تھے۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی