
جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں جاری 20ویں ایشین گیمز میں جمعرات کو پاکستان اہم مقابلوں میں مدمقابل ہوگا۔ مینز کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کوروگی اسپورٹس پارک نشین میں بنگلہ دیش سے ہوگا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گزشتہ کئی روز کی بارش کے باعث پچ اور آوٹ فیلڈ سست روی کا شکار ہو سکتی ہیں۔ پیش گوئی کے مطابق میچ میں بارش کے امکانات محض 10 فیصد ہیں، تاہم اگر میچ بارش کی نذر ہوا تو پاکستان انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔ فتح کی صورت میں پاکستان فائنل میں بھارت اور سری لنکا کے میچ کی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گا۔ میچ میں شکست کی صورت میں قومی ٹیم برانز میڈل کے لیے تیسری پوزیشن کا مقابلہ کھیلے گی۔ یاد رہے کہ ایشین گیمز 2022 میں پاکستان تیسری پوزیشن کے میچ میں بنگلہ دیش سے شکست کھا گیا تھا۔ ادھر ہاکی کے سیمی فائنل میں پاکستان اپنے روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گا۔ ہاکی کا دوسرا سیمی فائنل ملائیشیا اور جاپان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنل جیت کر پاکستان کا سلور میڈل پکا ہو جائے گا، جبکہ ناکامی پر برانز میڈل کے لیے تیسری پوزیشن کا میچ کھیلنا پڑے گا۔ اسکواش کے مینز ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں سیکنڈ سیڈ پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ، چین سے ہوگا۔ اس میچ میں کامیابی پاکستان کے لیے سلور میڈل یقینی بنا دے گی، جبکہ قومی ٹیم پہلے ہی برانز میڈل پکا کر چکی ہے۔ پاکستان نے چین کے شہر ہانگژو میں منعقدہ گزشتہ ایشین گیمز 2022 میں سلور میڈل اپنے نام کیا تھا۔ دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ بھارت کا مقابلہ ملائیشیا سے ہوگا۔ شوٹنگ کے مقابلوں میں پاکستان کے اولمپئین غلام مصطفیٰ بشیر مردوں کے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل (اسٹیج 2) کوالیفکیشن راونڈ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ والی بال مینز ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کی ٹیم بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی، جبکہ تائیکوانڈو میں پاکستان کی زینہ شیراز خواتین کے انفرادی پومسے اور امیر حمزہ مردوں کے انفرادی پومسے ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔
News Source: Express News