-->

کراچی: فارم ہائوس میں ایونٹ آرگنائزر 50 سے زائد خواتین کے موبائل فون لے کر فرار

News Image

کراچی کے علاقے گڈاپ میں واقع ایک فارم ہائوس پر ایونٹ آرگنائزر ویڈیو بنانے سے روکنے کے بہانے 50 سے زائد خواتین سے ان کے موبائل فون جمع کر کے فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق سلمان نامی آرگنائزر نے خواتین کو بتایا کہ فارم ہائوس پر ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں ہے اور ان کے موبائل فون جمع کر لیے، جس کے بعد وہ فونز لے کر موقع سے فرار ہو گیا۔ خواتین کو نوکری کا جھانسا دے کر دو بسوں میں فارم ہائوس لایا گیا تھا۔ متاثرہ خواتین میں سے ایک نے پولیس کو بتایا کہ ان سے کھانا، 2000 روپے اور ایک ایونٹ میں اسٹال لگانے کی تربیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق خواتین کو بتایا گیا تھا کہ انہیں ایک نجی ہائوسنگ سوسائٹی لے جایا جائے گا، لیکن اس کے بجائے فارم ہائوس لایا گیا جہاں انہیں کہا گیا کہ ان کا باس ان سے ملاقات کرے گا۔ متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ ان کے فون جمع کر کے رسیدیں جاری کی گئیں، تاہم شام کو معلوم ہوا کہ فون چوری ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سلمان ایک اور شخص کے ساتھ موٹر سائیکل پر فونز کا بیگ لے کر فرار ہوا۔ پولیس نے فارم ہائوس کے مینیجر کو حراست میں لے کر ان کا بیان ریکارڈ کر لیا ہے جبکہ متاثرہ خواتین بھی گڈاپ تھانے پہنچ گئیں۔ فارم ہائوس انتظامیہ نے پولیس کو بتایا کہ انہیں کارپوریٹ ایونٹ کے انعقاد کا کہا گیا تھا اور وہ موبائل فون جمع کیے جانے سے بے خبر تھے۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انہیں ایونٹ کے پیسے بھی نہیں ملے، اور انہوں نے تصدیق کی کہ سلمان موبائل فون جمع کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہوا۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی