
پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 5 کے لیے 80 ہزار امریکی ڈالر میں ڈیزرٹ وائپرز نے سائن کر لیا ہے۔ اس معاہدے کے ساتھ دنیا کے مایہ ناز بلے بازوں میں شمار ہونے والے بابر اعظم متحدہ عرب امارات کی فرنچائز لیگ کا حصہ بن گئے ہیں۔ بابر اعظم اس وقت پاکستان میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں حصہ لے رہے ہیں اور ملکی ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی مصروفیات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے رواں سال پاکستان سپر لیگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بابر اعظم نے مئی میں پشاور زلمی کی قیادت کرتے ہوئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جتوایا۔ یہ پشاور زلمی کی تاریخ میں دوسرا پی ایس ایل ٹائٹل تھا جبکہ ٹیم نے اپنا پہلا چیمپئن شپ ٹائٹل 2017 میں حاصل کیا تھا۔ بطور کپتان یہ بابر اعظم کا پہلا پی ایس ایل ٹائٹل تھا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں دو سنچریوں کی مدد سے 588 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ شاندار کارکردگی کے بعد انہیں پی ایس ایل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان بھی نامزد کیا گیا۔ ڈیزرٹ وائپرز میں شمولیت کے بعد آئی ایل ٹی20 فرنچائز کو ایک تجربہ کار ٹاپ آرڈر بلے باز کی خدمات حاصل ہو گئی ہیں جن کے پاس بین الاقوامی اور مختلف فرنچائز لیگز کا وسیع تجربہ ہے۔ بابر اعظم کی آئی ایل ٹی20 میں آمد سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں موجود کرکٹ شائقین کی دلچسپی میں بھی اضافے کی توقع ہے۔ آئی ایل ٹی20 سیزن 5 کے لیے تمام چھ فرنچائزز پانچویں ایڈیشن سے قبل اپنی ٹیموں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کر رہی ہیں۔
News Source: Express News