
ممبئی پولیس کے اکنامک آفنسز ونگ نے بالی ووڈ اداکار ڈینو موریا کو میٹھی ندی سے گاد نکالنے اور بحالی کے کام میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 50 سالہ اداکار سے باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر تقریباً 8 گھنٹے طویل پوچھ گچھ کی گئی جس کے بعد انہیں 2 اکتوبر 2026 کو حراست میں لیا گیا۔ یہ معاملہ میٹھی ندی کی صفائی اور بحالی کے پروجیکٹ میں مبینہ بدعنوانی سے متعلق ہے، جس کے نتیجے میں بی ایم سی کو 65.54 کروڑ بھارتی روپے کا مالی نقصان پہنچا۔ اکنامک آفنسز ونگ کی تفتیش کا دائرہ محض ایک فریق تک محدود نہیں بلکہ ٹھیکیداروں، درمیانی کرداروں اور بلدیاتی ادارے کے افسران کی مبینہ بے ضابطگیوں کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ اس چھان بین میں ٹھیکے دینے اور ادائیگیوں کے طریقہ کار کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ فلم ’راز‘ سے شہرت پانے والے اداکار ڈینو موریا کا نام اس کیس میں پچھلے کچھ عرصے سے مسلسل سامنے آ رہا تھا۔ جون 2025 میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ان کے گھر پر لگ بھگ 14 گھنٹے تک تلاشی لی تھی۔ اس کارروائی کے دوران ممبئی اور کوچی کے مزید 14 مقامات پر بھی چھاپے مارے گئے تھے، جن میں ڈینو موریا کے بھائی کی رہائش گاہ اور دیگر مشتبہ افراد کے ٹھکانے شامل تھے۔ تحقیقات کے دوران تفتیش کاروں کے سامنے یہ بات بھی آئی کہ ’یو بی او رائیڈز‘ نامی کمپنی کو 18 لاکھ روپے بھیجے گئے تھے۔ اس کمپنی میں ڈینو موریا کے بھائی سانتینو بطور ڈائریکٹر کام کرتے ہیں۔ تفتیشی ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ یہ رقم کیس کے اہم ملزم کیتن کدم کی جانب سے منتقل کی گئی تھی۔ کدم کا تعلق ’ووڈر انڈیا ایل ایل پی‘ سے بتایا جاتا ہے اور اسے اس مبینہ فراڈ کے سلسلے میں 2025 میں پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ’ووڈر انڈیا ایل ایل پی‘ اور ’یو بی او رائیڈز‘ دونوں ممبئی کے علاقے ورلی میں واقع ’فیمس اسٹوڈیو‘ کے پاس ایک ہی پتے پر کام کر رہی تھیں۔
News Source: Express News