
بھارت اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں مختلف فارمیٹس میں 212 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں، تاہم ٹورنامنٹس کے فائنل میں دونوں روایتی حریفوں کا ٹکراو نسبتاً کم ہی ہوا ہے۔ گزشتہ 41 برسوں کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان صرف 6 فائنل مقابلے کھیلے گئے ہیں، جن میں سے بیشتر آج بھی شائقین کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ 1985، میلبورن: ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ سال 1985 میں میلبورن کرکٹ گراونڈ پر کھیلے گئے ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں کرشناماچاری سری کانت نے 67 جبکہ روی شاستری نے ناقابل شکست 63 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ 1986، شارجہ: آسٹرل ایشیا کپ (میانداد کا تاریخی چھکا) اس کے برعکس 1986 میں شارجہ میں کھیلا گیا آسٹرل ایشیا کپ کا فائنل تاریخ کا سنسنی خیز ترین مقابلہ ثابت ہوا۔ پاکستان کو فتح کے لیے آخری گیند پر 4 رنز درکار تھے اور جاوید میانداد نے بھارتی بولر چیتن شرما کو تاریخی چھکا رسید کر کے پاکستان کو ایک وکٹ سے یادگار فتح دلا دی۔ میانداد 116 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے تھے۔ 1994، شارجہ: آسٹرل ایشیا کپ سال 1994 میں شارجہ کے میدان پر آسٹرل ایشیا کپ کے فائنل میں سعید انور اور عامر سہیل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے بھارت کو شکست سے دوچار کیا۔ عامر سہیل 69 رنز کی عمدہ باری کھیل کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ 2007، جوہانسبرگ: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سال 2007 کے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو انتہائی اعصاب شکن مقابلے کے بعد 5 رنز سے ہرا دیا تھا۔ مصباح الحق تن تنہا پاکستان کو جیت کی دہلیز تک لے آئے تھے۔ آخری اوور میں جیت کے لیے 13 رنز درکار تھے تو بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے گیند جوگندر شرما کو تھما دی جو اس کے بعد کبھی بھارت کی طرف سے نہیں کھیل سکے۔ پہلی گیند وائیڈ ہوئی اور اگلی گیند پر مصباح نے چھکا جڑ دیا۔ اب پاکستان کو 4 گیندوں پر 6 رنز چاہیے تھے اور 43 رنز پر بیٹنگ کرنے والے مصباح الحق کی موجودگی میں جیت یقینی دکھائی دے رہی تھی۔ لیکن آف اسٹمپ کی گیند پر مصباح اسکوپ شاٹ کھیلنے کی غلطی کر بیٹھے اور شارٹ فائن لیگ پر سری سانتھ نے کیچ پکڑ کر پاکستان کی فتح کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ 2017، لندن: چیمپئنز ٹرافی سال 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل تو کرکٹ شائقین کے دلوں پر نقش ہے، جہاں رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم نے اوول لندن کے تاریخی میدان پر فیورٹ بھارت کو تاریخی شکست سے دوچار کیا۔ پاکستان نے بھارت کو 180 رنز سے پچھاڑ دیا، جو کسی بھی آئی سی سی میگا ایونٹ کے فائنل میں رنز کے لحاظ سے سب سے بڑی فتح ہے۔ اس مقابلے میں فخر زمان کی شاندار سنچری اور محمد عامر کی تباہ کن بولنگ نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 2025، دبئی: ایشیا کپ گزشتہ برس ستمبر میں ایشیا کپ کے فائنل میں بھی دونوں ٹیمیں مدمقابل آئیں جہاں بھارت نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 گیندیں قبل 5 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔ اب دونوں ٹیمیں 3 اکتوبر کو صبح ساڑھے 9 بجے جاپان میں شیڈول ایشین گیمز کے فائنل میں تاریخ میں پہلی بار مدمقابل آئیں گی۔
News Source: Express News