
دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر مسٹر بیسٹ شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ مسٹر بیسٹ، جن کا اصل نام جمی ڈونلڈسن ہے، نے تھیا بویسین کے ہمراہ ایک جزیرے پر شادی کر لی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انہوں نے شادی کی تقریب کی تصاویر شیئر کیں۔ اپنی پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ 'میں نے مسز بیسٹ کو ڈھونڈ لیا ہے' اور اسے اپنی زندگی کا بہترین دن قرار دیا۔ یاد رہے کہ امریکا سے تعلق رکھنے والے جمی ڈونلڈسن کا یوٹیوب چینل دنیا بھر میں سب سے زیادہ سبسکرائب کیا جانے والا چینل ہے۔ ان کی دلہن تھیا بویسین بھی ایک معروف یوٹیوبر ہیں اور ان کا تعلق جنوبی افریقا سے ہے۔ انہوں نے قانون اور نفسیات کے شعبوں میں ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں اور وہ اکثر مسٹر بیسٹ کی ویڈیوز میں بھی نظر آتی ہیں۔ دونوں کی پہلی ملاقات 2022 میں جنوبی افریقا میں ہوئی تھی۔ ایک انٹرویو کے دوران تھیا بویسین نے بتایا کہ 'جب میں ان سے ملی تو یہ جان کر حیران رہ گئی کہ وہ بے حد منکسر المزاج اور انتہائی ذہین ہیں'۔ پہلی ملاقات کے بعد دونوں کے درمیان رابطہ برقرار رہا اور وہ ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو گئے۔ دونوں کی شادی نیکر آئی لینڈ میں منعقد ہوئی جس میں 70 قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ شادی کی تقریبات کا آغاز 14 جولائی کو ہوا جو ایک ہفتے تک جاری رہیں۔
News Source: Express News