
اوپن اے آئی نے دنیا بھر میں چیٹ جی پی ٹی کے لیے شاپنگ کے دو نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں، جن میں صارفین کی آسانی کے لیے ورچوئل ٹرائی آن ٹول اور فیورٹس کا فیچر شامل کیا گیا ہے۔ یہ نئی پیش رفت آن لائن شاپنگ میں چیٹ جی پی ٹی کے کردار کو وسعت دیتی ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت کی کمپنیاں اس شعبے میں صارفین کے لیے نت نئے فیچرز کی آزمائش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نئے ورچوئل ٹرائی آن فیچر کی مدد سے صارفین اپنی سیلفی یا پورے جسم کی تصویر اپ لوڈ کر کے یہ دیکھ سکتے ہیں کہ کپڑے یا دیگر اشیاء ان پر کیسی لگیں گی۔ یہ آپشن چیٹ جی پی ٹی کے شاپنگ نتائج میں ٹرائی آن کے نئے بٹن کے طور پر نظر آئے گا۔ صارفین انٹرنیٹ سے کسی چیز کا اسکرین شاٹ یا تصویر بھی اپ لوڈ کر سکتے ہیں اور چیٹ جی پی ٹی سے پوچھ سکتے ہیں کہ پہننے پر وہ کیسی لگے گی۔ اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر کمپنی کے حال ہی میں جاری کردہ چیٹ جی پی ٹی امیجز 2.5 ماڈل پر کام کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ماڈل زیادہ قدرتی روشنی، بہتر ساخت، قابل اعتماد ایڈیٹنگ اور کم وقت میں تصاویر بنانے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔ دوسرا نیا فیچر فیورٹس ہے، جو صارفین کو چیٹ جی پی ٹی پر تلاش کی گئی مصنوعات کو بعد میں دیکھنے کے لیے محفوظ کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اوپن اے آئی کے مطابق، محفوظ کی گئی اشیاء ایپ کے اندر صارف کی ورچوئل ٹرائی آن تصاویر کے ساتھ ہی دکھائی دیں گی۔ اوپن اے آئی نے بتایا کہ چیٹ جی پی ٹی دیگر طریقوں سے بھی خریداری میں مدد کر سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، صارفین اپنے پسندیدہ انداز کی تفصیل بتا کر چیٹ جی پی ٹی سے اس جیسے کپڑے تلاش کرنے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔ وہ کسی معروف شخصیت کے لباس کی تصویر اپ لوڈ کر کے بھی ملتی جلتی مصنوعات کی خریداری کے لیے مدد لے سکتے ہیں۔ یہ اقدام چیٹ جی پی ٹی کو فیشن اور بصری شاپنگ کے میدان میں مزید آگے لے جاتا ہے جہاں گوگل اور پنٹریسٹ جیسے ادارے پہلے سے موجود ہیں۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اوپن اے آئی خریداری کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل تجربات کر رہی ہے۔ کمپنی نے اس سے قبل فوری خریداری کے ایک فیچر کی آزمائش کی تھی، لیکن بہتر نتائج نہ ملنے پر اس کو ترک کر دیا گیا تھا۔ مصنوعی ذہانت سے شاپنگ کے اس وسیع تر شعبے میں صارفین کا ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ اگرچہ کچھ کمپنیاں مصنوعات کی خودکار تجاویز کو فروغ دے رہی ہیں، لیکن تمام صارفین نے ان کوششوں کو پسند نہیں کیا۔ چیٹ جی پی ٹی صارفین کا پسندیدہ شاپنگ ٹول بن پائے گا یا نہیں، یہ ابھی واضح نہیں ہے، خاص طور پر جب کہ گوگل جیسے حریف پہلے ہی ورچوئل ٹرائی آن فیچرز متعارف کرا چکے ہیں۔
News Source: Express News