
پنجابی اداکارہ اور گلوکارہ شہناز گل نے سوشل میڈیا ٹرولنگ اور اپنے بارے میں بننے والی خبروں پر ایسا دلچسپ ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے تنقید کرنے والوں کے لیے بھی مزاح کا پہلو تلاش کر لیا ہے۔ شہناز گل کا کہنا ہے کہ لوگ انہیں ٹرول کرتے ہیں کیونکہ ان افراد کو ویوز کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کے مطابق میڈیا یا سوشل میڈیا پر ایسی سرخیاں بنانا بھی اسی ضرورت کا حصہ ہے، کیونکہ اگر خبر کے عنوان میں کوئی چونکا دینے والی یا منفی بات نہ ہو تو اسے لوگوں تک پہنچانا اور توجہ حاصل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اداکارہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر گفتگو کے دوران ان کی زبان سے کوئی بات نکل جائے اور وہ خبر کی سرخی بن جائے تو وہ یہی دعا کرتی ہیں کہ کم از کم ان کی وجہ سے متعلقہ لوگوں کو کچھ ویوز حاصل ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھی باتوں سے شاید کسی کو زیادہ فائدہ نہیں ہوا، لیکن اگر ان کے کسی جملے سے کسی کا بھلا ہو جائے تو یہ بھی اچھی بات ہے۔ حال ہی میں پنجابی فلم سنگھ ورسز کور 2 میں نظر آنے والی 32 سالہ اداکارہ سے جب ان کے اس بے ساختہ اور مزاحیہ انداز کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے خون میں پنجابیت ہے، اسی لیے وہ کامیڈی کرنے کی کوشش نہیں کرتیں بلکہ خود ہی لوگوں کو کامیڈی لگتی ہیں۔ شہناز کے مطابق لوگوں کو ان کا یہ انداز پسند آتا ہے کیونکہ وہ اسے جان بوجھ کر اختیار نہیں کرتیں، بلکہ یہ ان کی شخصیت کا قدرتی حصہ ہے۔ اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے کبھی کسی کو اپنے اوپر حاوی ہونے کی اجازت نہیں دی۔ ان کے بقول کسی نے انہیں یہ نہیں بتایا کہ میڈیا کے سامنے انہیں کس طرح بات کرنی، چلنا یا اپنا رویہ رکھنا چاہیے۔ شہناز کا کہنا تھا کہ انہیں وقت کے ساتھ ساتھ بہت سی باتیں سننے کو ملیں، لیکن وہ اس اصول پر قائم ہیں کہ انسان کو اپنی اصل شخصیت کے ساتھ ہی رہنا چاہیے اور خود کو دوسروں کی توقعات کے مطابق تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔
News Source: Express News