
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں اہم ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پیداواری نگرانی، ویڈیو نگرانی یا ڈیجیٹل نظام لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے نظام سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروباروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایف بی آر کے مطابق کاروباری مراکز کو سیل کرنے کے لیے ضرورت پڑنے پر پولیس کی مدد بھی حاصل کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں کاروباری جگہ کو سیل کرنے کا طریقہ کار بھی واضح کیا گیا ہے، جس کے مطابق کمشنر ان لینڈ ریونیو رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کا آغاز کر سکے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر یا اس سے بالا افسر کمشنر کو تحریری رپورٹ پیش کرے گا، جس کے بعد کمشنر باقاعدہ جانچ پڑتال کر کے چیف کمشنر کو رپورٹ بھجوائے گا اور چیف کمشنر ہی کاروبار کو سیل کرنے یا نہ کرنے کا تحریری حکم جاری کرے گا۔ نوٹیفکیشن کے تحت کاروباری جگہ مکمل یا اس کا مخصوص حصہ سیل کیا جا سکے گا، جبکہ سیل کرنے سے قبل متعلقہ تاجر کو احکامات کی نقل فراہم کی جائے گی۔ کاروباری جگہ اس وقت تک سیل رہے گی جب تک نظام کو ایف بی آر سے باقاعدہ منسلک نہیں کر دیا جاتا۔ ایف بی آر کے مطابق سیل شدہ کاروبار دوبارہ کھلوانے کے لیے جرمانے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ نگرانی کا نظام بھی نصب کرنا ہوگا۔ نظام کی تنصیب کے دوران ایف بی آر کی تکنیکی ٹیم موجود رہے گی، جبکہ نظام فعال ہونے پر کمشنر 3 روز کے اندر تصدیقی سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق برقی نگرانی کے یہ ضوابط آئندہ دیگر کاروباروں اور کارخانہ داروں پر بھی نافذ کیے جا سکتے ہیں۔
News Source: Express News