
دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں معاون پائلٹ کے چاقو کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے بھارتی پائلٹ سمت مچھر نے جان پر کھیل کر طیارے کا کنٹرول حملہ آور کے حوالے نہیں کیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شدید زخمی ہونے کے باوجود بھارتی پائلٹ نے کمال بہادری سے کاک پٹ کا دروازہ کھول دیا، جس کے باعث مسافروں اور عملے کو اندر داخل ہو کر حملہ آور کو قابو کرنے کا موقع ملا، ورنہ کوئی بڑی تباہی ہو سکتی تھی۔ طیارے کو سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتار لیا گیا جہاں پائلٹ کو فوری طبی امداد دی گئی۔ ان کا کافی خون بہہ گیا تھا جس کے سبب وہ شدید کمزوری کا شکار ہو گئے تھے۔ فلائی دبئی کے طیارے میں زخمی ہونے والے پائلٹ سمت مچھر کو بعد ازاں مزید علاج کے لیے سعودی عرب سے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق امارات میں تعینات بھارتی سفیر نے اسپتال میں پائلٹ سمت مچھر کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی، جبکہ اس سے قبل پائلٹ کے گھر والوں سے بھی رابطہ کر کے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی گئی۔ بھارتی سفارت خانے نے بتایا ہے کہ سمت مچھر کی حالت اب بہتر ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ سفارتی حکام مسلسل اسپتال انتظامیہ کے رابطے میں ہیں تاکہ ان کا بہترین علاج اور دیکھ بھال یقینی بنائی جا سکے۔ واضح رہے کہ طیارہ ہائی جیک یا تباہ کرنے کی کوشش میں گرفتار ہونے والے معاون پائلٹ کی شناخت تاحال مکمل طور پر ظاہر نہیں کی گئی، البتہ وہ عمانی نژاد ہے اور دہری شہریت رکھتا ہے۔ اس پرتشدد کارروائی کے پس پردہ محرکات کا اب تک پتا نہیں چل سکا ہے۔
News Source: Express News