
امریکی خلائی ادارے ناسا کے کیوریوسٹی روور نے مریخ پر ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے سرخ سیارے پر اپنے 5000 ویں مریخی دن (جسے سول کہا جاتا ہے) کی تکمیل کے موقع پر وہاں کی سطح کا ایک دلکش نیا منظر کیمرے میں محفوظ کر لیا ہے۔ کیوریوسٹی اس وقت ریت کے ٹیلے جیسی سطح پر موجود تھا جسے سائنس دانوں نے چاکلیٹل کا نام دیا ہے۔ روور نے اپنے نیویگیشن کیمروں کی مدد سے اردگرد کے منظر کی دو مختلف اوقات میں تصاویر لیں۔ یہ کیمرے عام طور پر سیاہ اور سفید تصاویر ریکارڈ کرتے ہیں۔ پہلا پینوراما 30 اگست 2026 کو مقامی مریخی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 56 منٹ پر لیا گیا، جو کیوریوسٹی کے 5000 ویں سول کا موقع تھا۔ اس کے بعد 2 ستمبر 2026 کو شام 5 بج کر 39 منٹ پر 5003 ویں سول کے دوران دوسرا پینوراما ریکارڈ کیا گیا۔ زمین پر تصاویر موصول ہونے کے بعد دونوں پینوراما کو یکجا کر کے مریخ کا ایک منفرد منظر تیار کیا گیا۔ تصویر میں فنکارانہ انداز سے رنگ بھی شامل کیے گئے، جہاں صبح کے منظر کے لیے نیلا اور شام کے منظر کے لیے زرد رنگ استعمال کیا گیا۔ تیار کردہ یہ تصویر ایک پوسٹ کارڈ کی طرز پر بنائی گئی ہے، جو کیوریوسٹی کی ماضی میں بنائی گئی ایسی ہی تصاویر کے انداز سے ملتی جلتی ہے۔ اس سلسلے کی ایک نمایاں تصویر نومبر 2021 میں بھی تیار کی گئی تھی۔ کیوریوسٹی سال 2012 سے مریخ پر موجود ہے اور اس کی مسلسل تحقیق نے سائنس دانوں کو مریخ کے قدیم ماحول، چٹانوں اور ماضی میں ممکنہ طور پر رہائش کے قابل حالات سمجھنے میں بڑی مدد فراہم کی ہے۔
News Source: Express News