
وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلے سے قبل گوگل کی زلزلہ الرٹ ایپ نے صارفین کو بروقت خبردار کر دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق وینزویلا میں بدھ کے روز مقامی وقت کے مطابق ایک منٹ کے اندر 7.1 اور 7.5 شدت کے زلزلے آئے جس نے رہائشی اور کمرشل عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔ اب تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 164 افراد ہلاک جبکہ 1 ہزار افراد زخمی ہو چکے ہیں، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متعدد صارفین نے اسکرین شاٹس شیئر کیے اور دعویٰ کیا کہ انہیں گوگل زلزلہ ایپ سے جھٹکے لگنے سے پہلے ہی وارننگ موصول ہو گئی تھی۔ ایک صارف کے مطابق گوگل نے زلزلے سے چند لمحے قبل 6.2 شدت کے زلزلے کا الرٹ بھیجا اور یہ بھی بتایا تھا کہ اس کی گہرائی 341 کلومیٹر ہو سکتی ہے۔ اس سلسلے میں ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپ کے ذریعے بروقت اطلاع دراصل جدید اسمارٹ فونز میں نصب ایک خاص سینسر ایکسیلرومیٹر کی بدولت ممکن ہوئی ہے، کیونکہ یہ سینسر زمین کے اندر پیدا ہونے والی لرزش کو فوراً محسوس کر لیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زمین میں کوئی بھی تھرتھراہٹ ہو تو بالخصوص اینڈرائیڈ فون کے ذریعے خود بہ خود ایپ کو سگنل چلا جاتا ہے، جس کے بعد یہ سسٹم الرٹ کی شکل میں ان تمام صارفین تک معلومات پہنچا دیتا ہے جنہوں نے اپنے فون میں یہ ایپ انسٹال کر رکھی ہوتی ہے۔
News Source: Express News