
چھوٹے تاجروں نے غیر ذمہ دار، غفلت برتنے اور زیادتی کے مرتکب اداروں کے خلاف سینئر، تجربہ کار اور اہم تاجر نمائندوں کا اتحاد قائم کرلیا ہے جس کے تحت اتحادی مارکیٹوں میں مسائل کی صورت میں مشترکہ طور پر ایک دوسرے کی مدد کی جائے گی، مسائل کے حل کے لیے اداروں سے رابطے، مشاورت، دباو، احتجاج سمیت ہر طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ آرام باغ فرنیچر مارکیٹ میں تاجر رہنما عتیق میر کی زیر صدارت منعقد کیے گئے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں ہم خیال تاجر نمائندوں پر مشتمل سپریم کونسل آف ٹریڈرز کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ پہلے مرحلے میں یوسف قریشی رابطہ سیکریٹری انجمن تحفظ حقوق تاجران سندھ، کاشف صابرانی چیئرمین آل تاجران سندھ اتحاد، میاں طارق صدر گلف شاپنگ مال ایسوسی ایشن، شیخ محمد عالم چیئرمین اولڈ سٹی تاجر اتحاد، احسان گجر چیئرمین کراچی موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن، محمد اسلم خان جنرل سیکریٹری صدر کوآپریٹیو مارکیٹ ایسوسی ایشن، جاوید الٰہی صدر نرسری فرنیچر مارکیٹ، راشد علی شاہ جنرل سیکریٹری انجمن تاجران بابر مارکیٹ، حسین قریشی صدر آل کراچی جیولرز اینڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، ایوب مرزا چیئرمین گارڈن تاجر الائنس، الطاف لالہ چیئرمین صدر الائنس آف مارکیٹ اینڈ مال ایسوسی ایشن، فیروز علی کامدی اور رمضان احمد مغل چیئرمین انجمن تحفظ حقوق تاجران سندھ کو شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر عتیق میر نے کہا کہ شہر میں تاجروں کے علیحدہ علیحدہ اتحاد اور انفرادی احتجاج غیر موثر ثابت ہورہے ہیں، تاجروں کی مشکلات میں اضافہ اور ان کے مابین اتحاد کا فقدان ہے، موجودہ صورتحال تاجروں کے جائز حقوق کے حصول میں بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے من مانیاں کررہے ہیں اور تاجروں کی تقسیم کا فائدہ اٹھا کر ان پر ظلم و ستم کی بجلیاں گرارہے ہیں، وقت ہمیں متحد ہوکر اپنے جائز حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھانے کا تقاضا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کونسل درحقیقت ایک پریشر گروپ ہے جس کا بنیادی مقصد زیادتی کے مرتکب اداروں کو لگام دینا اور ظلم و زیادتی سے روکنا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سپریم کونسل کی ابتدائی اور تجرباتی مرحلے کی آزمائش کے بعد اس میں توسیع کی جائے گی اور مزید بہتر، فعال اور اچھی شہرت کے حامل تاجر نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تاجروں کے مابین اتحاد، ہم آہنگی اور یگانگت کی صورت میں سپریم کونسل کے انتہائی موثر اور سودمند نتائج سامنے آئیں گے۔
News Source: Express News