
انسان نما روبوٹس کی ایک پوری کھیپ نے اپنے بنانے والوں کی جانب سے ریٹائر کیے جانے کے بعد پگھلے ہوئے اسٹیل کے ایک بڑے حوض میں چھلانگ لگا کر خود کو ختم کر دیا۔ روبوٹکس اسٹارٹ اپ کمپنی فِیگر نے اپنے تقریباً دو سال پرانے ایف 02 روبوٹس کو تلف کرنے کے لیے یہ انوکھا اور غیر معمولی طریقہ اپنایا۔ کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو بریٹ ایڈکاک نے سوشل میڈیا پر صارفین سے پوچھا تھا کہ ان روبوٹس کو کس طرح الوداع کیا جائے۔ اس پر سب سے مقبول تجویز ہالی ووڈ کے معروف اداکار آرنلڈ شوارزنیگر کی سامنے آئی (جنہوں نے 1984 کی مشہور فلم دی ٹرمینیٹر میں ایک سائبورگ قاتل کا کردار نبھایا تھا) کہ انہیں پگھلا دیا جائے۔ کمپنی نے امریکا اور میکسیکو کی مختلف دھاتی فاونڈریوں سے رابطہ کیا لیکن کوئی بھی لیتھیم آئن بیٹریوں سے لیس روبوٹس کو اپنی قیمتی مشینری میں ڈالنے پر آمادہ نہ ہوا۔ بالآخر کیلیفورنیا میں قائم فِیگر کمپنی کو یہ روبوٹس فن لینڈ کے شہر ایمترا کی ایک فاونڈری بھیجنا پڑے۔ کمپنی کے مطابق روبوٹس کو پگھلانے کے اس عمل کے لیے خاصی تیاری اور تربیت درکار تھی لیکن یہ عام روایتی طریقوں کے مقابلے میں زیادہ کارآمد ثابت ہوا۔ کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ کسٹم ایکچویٹرز اور دیگر قیمتی ٹیکنالوجی سے لیس روبوٹس کے ایک پورے بیڑے کو اس کے اختتام تک پہنچانا بالکل بھی آسان کام نہیں تھا۔ یوں دی ٹرمینیٹر کے مشہور ڈائیلاگ ’’آئی ول بی بیک‘‘ کے برعکس، ان روبوٹس کی واپسی کا اب کوئی امکان نہیں رہا۔
News Source: Express News