
وفاقی حکومت نے اکاونٹس نظام میں 60 فیصد خالی مستقل آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ فنانشل ایڈوائزرز اور چیف اکاونٹس افسران کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ کنٹرولر جنرل آف اکاونٹس نے وفاقی کابینہ کے 27 اگست 2024 کے فیصلے کی روشنی میں 60 فیصد خالی مستقل آسامیوں کے خاتمے سے متعلق متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ کنٹرولر جنرل آف اکاونٹس کے جاری کردہ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق رپورٹ کے پیرا 6 کے تحت ایسی آسامیوں کو ختم کرنے کی سفارش کی گئی تھی جو کم از کم ایک سال سے خالی چلی آ رہی ہیں، جس کا بنیادی مقصد رائٹ سائزنگ اور بچت کے اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ مراسلے کے مطابق ختم کی جانے والی آسامیوں میں وہ عہدے شامل نہیں ہوں گے جو تبادلے، تعیناتی یا ترقی کے لیے مخصوص ہونے کے باعث خالی ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ہر شعبے میں ختم کی جانے والی آسامیوں کو بنیادی طور پر ویکنسی روسٹر کے مطابق ابتدائی تقرری اور براہ راست بھرتی کے کوٹے سے منہا کیا جائے گا۔ اس حوالے سے تمام فنانشل ایڈوائزرز اور چیف اکاونٹس آفیسرز کو اپنے متعلقہ ویکنسی روسٹرز پر نظرثانی کرنے یا انہیں ازسرنو تیار کرنے اور ترقی کے تمام کیسز اسی کے مطابق آگے بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
News Source: Express News