
حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو پہلی سہ ماہی کا ٹیکس ہدف پورا کرنے کی باضابطہ یقین دہانی کرا دی ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان چوتھے اقتصادی جائزے کے مذاکرات میں حکومت نے واضح کیا کہ پہلی سہ ماہی کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا مقرر کردہ 3 ہزار 53 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ ایف بی آر حکام نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ نہ صرف ستمبر کے لیے 1330 ارب روپے کی وصولی کا ہدف پورا ہوگا بلکہ جولائی سے ستمبر 2026 کی پہلی سہ ماہی کا مجموعی ٹیکس ہدف بھی حاصل کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ٹیکس سال 2026 کے لیے اب تک تقریباً 47 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے جمع ہو چکے ہیں، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 32 لاکھ گوشوارے موصول ہوئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی گریڈ 17 سے 22 تک کے تمام وفاقی سرکاری افسران کے لیے 30 اکتوبر 2026 تک اپنے اثاثوں کے گوشوارے الیکٹرانک طریقے سے جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ نئے قانونی فریم ورک کے تحت وفاقی سرکاری افسران کے اثاثوں سے متعلق محدود تفصیلات 31 دسمبر 2026 تک عوام کے لیے جاری کر دی جائیں گی۔
News Source: Express News