
بالی وڈ کے معروف اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے اپنے شوہر اور ان کی مبینہ دوست و ساتھی اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے ایک ساتھ پوجا میں شرکت کرنے پر لب کشائی کی ہے۔ گووندا اور کومل رانی حال ہی میں ممبئی کے معروف لال باغچا راجا پنڈال میں ایک ساتھ دکھائی دیے، جس کے بعد دونوں کے درمیان مبینہ تعلق سے متعلق قیاس آرائیوں نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا تھا۔ اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے سنیتا آہوجا نے کہا کہ وہ نہ تو گووندا اور نہ ہی ان کی ساتھی اداکارہ کے بارے میں کچھ کہنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گووندا خوش نظر آ رہے ہیں، وہ جس طرح اپنی زندگی گزارنا چاہتے ہیں گزاریں، ان کی بس یہی دعا ہے کہ وہ جہاں اور جس کے ساتھ بھی رہیں ہمیشہ خوش رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ان کی تمام تر توجہ صرف اپنے کام پر مرکوز ہے اور وہ بار بار کسی بھی تنازع کا حصہ نہیں بننا چاہتیں۔ واضح رہے کہ گووندا اور کومل رانی کے مبینہ تعلقات کی خبریں گزشتہ کچھ عرصے سے زیر گردش ہیں۔
News Source: Express News