
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ امریکا بالآخر خطے سے نکل جایے گا جبکہ اسراییل کے بھی خطے میں قیام کے دن گنے جاچکے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ابراہیم عزیزی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کا خطے سے نکلنا ناگزیر ہے اور اسراییل کے لیے بھی یہاں موجود رہنا ممکن نہیں رہے گا۔ ان کے بقول بالآخر ایران اور اس کے ہمسایہ ممالک ہی اس خطے میں موجود رہیں گے اور ایک دوسرے کے ساتھ براہِ راست معاملات کریں گے۔ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ وہ وقت آنے پر امریکا اور اسراییل کو خطے سے اپنی موجودگی ختم کرنا پڑے گی جبکہ ایران اور اس کے پڑوسی ممالک خطے میں برقرار رہیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال سے صاف ظاہر ہے یہ دن امریکا اور اسراییل کے لیے افسوس اور پشیمانی کا باعث ہوگا۔ خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالثوں کے ذریعے سفارتی رابطے اب بھی جاری ہیں۔ امریکا کو اس خطے سے ناگزیر طور پر نکلنا پڑے گا، اور صیہونی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔ بالآخر ہم اور ہمارے پڑوسی ہی یہاں آمنے سامنے موجود رہیں گے۔ وہ دن پشیمانی کا دن ہوگا۔ — ابراہیم عزیزی (@Ebrahimazizi33) ستمبر ۲۹، ۲۰۲۶ ایران کی جانب سے جنگ بندی اور مذاکرات کے حوالے سے اپنی شرایط امریکا تک پہنچانے کے دعوے کیے جارہے ہیں جبکہ خطے میں امریکی فوجی موجودگی اور اسراییل کے کردار پر تہران کی جانب سے سخت بیانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
News Source: Express News