
ایران نے امریکی پابندیوں کے باعث پروازوں کی منسوخی پر اقوام متحدہ کے اداروں میں باضابطہ شکایت دایر کردی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے اپنے فضایی شعبے پر عاید امریکی پابندیوں کے خلاف بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنایزیشن میں باضابطہ احتجاج جمع کرایا ہے۔ ایرانی سول ایوی ایشن کے سربراہ ابوالفضل شِرودی نے بتایا کہ اس شکایت کا مقصد ایرانی فضایی شعبے کے جایز حقوق کا دفاع اور امریکا کی جانب سے عاید کی گیی غیر قانونی پابندیوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اس معاملے پر ایرانی وزارت خارجہ کے تعاون سے عالمی عدالت انصاف میں بھی شکایت دایر کی گیی ہے، جہاں سے ایران کو انصاف کی امید ہے۔ خیال رہے کہ امریکا نے رواں ماہ ایران کے پورے فضایی شعبے پر پابندیاں عاید کی تھیں اور ان کمپنیوں کے خلاف بھی سخت کارروایی کا اعلان کیا تھا جو ایرانی ہوا بازی کے شعبے کی معاونت کریں گی۔ پابندیوں کے گزشتہ بدھ سے نافذ ہونے کے بعد متعدد ممالک کی جانب سے عاید سفری پابندیوں کے باعث بڑی اییرلاینز کو ایران کے لیے اور ایران سے بین الاقوامی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنایزیشن اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ ہے جس کا صدر دفتر کینیڈا کے شہر مونٹریال میں ہے۔ یہ ادارہ عالمی شہری ہوا بازی کے لیے قواعد و ضوابط اور حفاظتی معیارات طے کرتا ہے۔ ایران کا موقف ہے کہ امریکی پابندیاں اس کے فضایی شعبے اور مسافروں کے جایز حقوق کو متاثر کر رہی ہیں، جس کے خلاف وہ بین الاقوامی قانونی اور سفارتی فورمز پر کارروایی جاری رکھے گا۔
News Source: Express News