
خانیوال کے ایک نوجوان نے امریکی ادارے کو 126 ملین ڈالر کا زبردست جھٹکا دے دیا جس کے بعد تاریخ کے سب سے بڑے ڈاک فراڈ کا پردہ چاک ہو گیا ہے۔ امریکی ریاست فلوریڈا کی وفاقی عدالت میں خانیوال سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ فہیم اکرم پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق فہیم اکرم نے 'لیبلز بینک ڈاٹ کام' نامی ایک ویب سائٹ قائم کر رکھی تھی جو جعلی امریکی ڈاک ٹکٹیں فروخت کرتی تھی۔ ملزم پارسل کے وزن اور حجم سے قطع نظر ہر پارسل کا ٹکٹ محض 2 ڈالر میں فروخت کرتا تھا۔ اس ویب سائٹ سے 5 ہزار 200 سے زائد صارفین نے 51 لاکھ سے زائد جعلی ڈاک ٹکٹیں خریدیں۔ اس فراڈ کے نتیجے میں امریکی محکمہ ڈاک کو 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا بھاری نقصان پہنچا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 38 ارب روپے بنتے ہیں۔ امریکی عدالت نے 28 ستمبر کو کیس کی سماعت کے دوران ملزم کی ویب سائٹ فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کیے اور ملزم کے خلاف امریکا کو دھوکا دینے، جعلی ڈاک ٹکٹ تیار کرنے اور وائر فراڈ کے الزامات کے تحت چارجز عائد کیے۔ ملزم اس وقت پاکستان میں مقیم ہے جس کی وجہ سے اس کی عدم موجودگی میں ہی اس پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
News Source: Express News