
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی او ایس 27 جاری کر دیا ہے، جو آئی فون کے نئے سافٹ ویئر سائیکل کا پہلا ورژن ہے اور پہلی بار پیر، 14 ستمبر کو سامنے آیا تھا۔ ایپل نے تصدیق کی ہے کہ اس کے لیے ایک نئی اپ ڈیٹ پہلے ہی تیار کی جا رہی ہے، جو ممکنہ طور پر پہلی ریلیز کے صرف دو ہفتے بعد جاری کر دی جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق ایپل کی جانب سے جلد جاری کی جانے والی یہ اپ ڈیٹ ممکنہ طور پر آئی او ایس 27 کے پہلے ورژن کے تقریباً دو ہفتے بعد دستیاب ہو سکتی ہے۔ نئے آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس میں فیس آئی ڈی کے نظام کو بھی مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ نئے ہارڈویئر میں پہلے کے مقابلے میں چھوٹا ڈائنامک آئی لینڈ شامل ہے جبکہ انفراریڈ کیمرے کو ڈسپلے کے نیچے نصب کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ نیا مسئلہ اس وقت پیش آ سکتا ہے جب صارف فیس آئی ڈی کے ذریعے کسی محفوظ ایپ کو کھولنے کی کوشش کرے، جیسے پاسورڈز ایپ، سفاری کے پرائیویٹ ٹیبز یا ایسی دیگر ایپس جنہیں بائیومیٹرک سیکیورٹی کے ذریعے لاک کیا گیا ہو۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹ 9 ٹو 5 میک کے مطابق یہ مسئلہ براہِ راست لاک اسکرین سے فیس آئی ڈی استعمال کرنے پر ظاہر نہیں ہوتا۔ اس خرابی کی صورت میں اگر پہلی بار فیس آئی ڈی سے تصدیق نہ ہو سکے اور صارف دوبارہ فیس آئی ڈی کے آپشن پر ٹیپ کرے، تو آئی فون کچھ دیر کے لیے ٹچ کا جواب دینا بند کر سکتا ہے۔ چند سیکنڈ بعد ڈیوائس خودکار طور پر ری اسٹارٹ ہو کر دوبارہ لاک اسکرین پر آ جاتی ہے۔ ایپل کی جانب سے مسئلے کو حل کرنے کے لیے آنے والی نئی اپ ڈیٹ میں فیس آئی ڈی سے متعلق اس خرابی کو دور کیے جانے کی امید ہے۔ ایپل کی یہ اپ ڈیٹ ممکنہ طور پر پیر، 28 ستمبر یا منگل، 29 ستمبر کو جاری کی جائے گی، جو بنیادی طور پر صرف آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔ بعد ازاں، دیگر آئی فونز کے لیے آئی او ایس 27.1 بھی جاری کی جائے گی جبکہ آئی او ایس 27.2 پر بھی کام جاری ہے۔
News Source: Express News