
ملک بھر میں ورلڈ اسپیس ویک 2026 کی ہفتہ بھر جاری رہنے والی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کا عالمی موضوع ’’راکٹ انقلاب‘‘ رکھا گیا ہے۔ چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے اس خلائی ہفتے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلائی شعبے میں مسلسل پیش رفت ہو رہی ہے اور پاکستانی خلاباز کو چینی خلائی اسٹیشن بھیجنے کی منصوبہ بندی پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی خلاباز چینی خلائی اسٹیشن پر پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر جائے گا۔ مزید برآں مقامی سطح پر تیار کردہ قمری روور پر کام جاری ہے، جسے چانگ ای-8 مشن کے ذریعے چاند کے جنوبی قطب پر بھیجنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ چیئرمین سپارکو نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تحقیق، جدت اور خلائی شعبوں میں تعلیم حاصل کریں۔ سپارکو 2005 سے ورلڈ اسپیس ویک ایسوسی ایشن کے نیشنل کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا ہے، جبکہ پاکستان 2013 سے ان سرگرمیوں میں دنیا کے سرفہرست تین ممالک میں شامل ہے۔ راکٹ ٹیکنالوجی خلا تک رسائی کا بنیادی ذریعہ ہے جس کے زمین پر بھی بے شمار فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔ اس تقریب میں بیکن ہاوس ٹیپو سلطان کیمپس کے طلبہ نے ’’راکٹ انقلاب‘‘ کے موضوع پر دلکش ٹیبلو پیش کیا اور راکٹ ٹیکنالوجی کے حق اور مخالفت میں مدلل مباحثہ کیا۔
News Source: Express News