
پاکستان نے 20 ویں ایشین گیمز ایچی ناگویا 2026 میں پہلا سلور میڈل حاصل کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مینز اسکواش ٹیم ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کو ملائیشیا کے ہاتھوں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے میچ میں امیشن راج چندرن نے ناصر اقبال کو 41 منٹ کے مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں ایون یونگ نے سخت مقابلے کے بعد عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان کو 2-3 سے ہرایا، یہ میچ 53 منٹ تک جاری رہا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مطابق قومی ٹیم نے فائنل تک شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ملک کے لیے سلور میڈل جیتا۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے ہانگ کانگ چائنا کو ہرایا تھا جبکہ ملائیشیا نے ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دے کر اپ سیٹ کیا تھا۔ پاکستان نے اس سے قبل مینز اسکواش کے انفرادی مقابلوں میں بھی دو برانز میڈل جیتے تھے۔ نور زمان اور محمد اشعب عرفان نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر کے پاکستان کو یہ میڈلز دلوائے تھے۔ پاکستان ایشین گیمز 2026 میں مجموعی طور پر اب تک 5 برانز اور ایک سلور میڈل جیت چکا ہے، جبکہ مینز کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے کی بدولت قومی ٹیم کا ایک اور میڈل بھی یقینی ہو چکا ہے۔
News Source: Express News