
پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بالی ووڈ سے متعلق ایک دلچسپ یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بھارتی سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی بلاک بسٹر فلم کے مشہور گانے درد ڈسکو کے لیے ان کی آواز کو ترجیح دی تھی۔ ایک حالیہ انٹرویو میں علی ظفر نے انکشاف کیا کہ ان کا گانا سن رے سجنیا سن کر شاہ رخ خان ان کے فن کے معترف ہو گئے تھے اور انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ فلم اوم شانتی اوم کا نغمہ درد ڈسکو اپنی آواز میں ریکارڈ کروائیں۔ علی ظفر کے مطابق یہ پیشکش براہ راست شاہ رخ خان کی جانب سے آئی تھی، جو ان کے لیے ایک بڑا اعزاز تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی اس بڑے پروجیکٹ کا حصہ بننے کے لیے پرجوش تھے، خاص طور پر اس وجہ سے کہ یہ گانا فلم میں شاہ رخ خان کے مشہور سکس پیک انداز کے باعث خوب مقبول ہوا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت بھارت میں عدم موجودگی اور شیڈول کے مسائل کی وجہ سے یہ موقع ان کے ہاتھ سے نکل گیا۔ یوں یہ گانا بعد میں سکھویندر سنگھ کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا۔ واضح رہے کہ سال 2007 کی سپر ہٹ فلم اوم شانتی اوم کی موسیقی وشال شیکھر نے ترتیب دی تھی۔ یہ فلم باکس آفس پر زبردست کامیاب ثابت ہوئی جبکہ اس کے گانے بھی شائقین میں بے حد پسند کیے گئے۔
News Source: Express News