
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد بالی ووڈ کے معروف اداکار راجپال یادیو کے حوالے سے یہ افواہیں پھیل گئیں کہ انہیں سینیئر اداکار مشتاق خان کی دعائیہ تقریب سے مبینہ طور پر بے عزت کر کے نکال دیا گیا ہے۔ تاہم معاملے کی اصل حقیقت سامنے آنے کے بعد یہ تمام دعوے غلط ثابت ہو گئے۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راجپال یادیو تقریب کے باہر مداحوں اور لوگوں کے ہجوم میں موجود ہیں، جہاں چند افراد اور سیکیورٹی اہلکار ان سے بات چیت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد وہ وہاں سے چلے جاتے ہیں، جس کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر یہ تاثر پھیل گیا کہ شاید انہیں تقریب چھوڑنے کے لیے کہا گیا تھا۔ حقیقت اس کے بالکل برعکس تھی۔ راجپال یادیو دراصل مرحوم اداکار مشتاق خان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دعائیہ تقریب میں شریک ہوئے تھے۔ تقریب کے بعد جب وہ باہر نکلے تو میڈیا نمائندوں اور لوگوں کی بڑی تعداد کے باعث وہاں شدید رش لگ گیا۔ ایسے میں سیکیورٹی اہلکار اور دیگر افراد انہیں ہجوم سے نکال کر گاڑی تک پہنچانے کے لیے راستہ بنا رہے تھے۔ اس دوران ریکارڈ کی گئی ویڈیو کے ایک مخصوص حصے نے سوشل میڈیا پر غلط فہمی پیدا کر دی۔ ویڈیو کے سیاق و سباق سے ہٹ کر وائرل ہونے پر مداحوں کی جانب سے غصے کا اظہار کیا گیا، تاہم مکمل منظرنامہ سامنے آنے پر یہ واضح ہو گیا کہ راجپال یادیو کے ساتھ نہ تو کوئی بدتمیزی ہوئی اور نہ ہی انہیں بے عزت کر کے تقریب سے نکالا گیا۔
News Source: Express News