
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور کے ہائی اے کیو آئی علاقوں میں اسموگ گنز کے ذریعے مسلسل آپریشن جاری ہے اور ای پی اے فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں، اس وقت لاہور عالمی ایئر کوالٹی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر آگیا ہے۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 144 پر آگیا اور عالمی ایئر کوالٹی رینکنگ میں لاہور کا نمبر سات ہے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر لاہور کے ہائی اے کیو آئی علاقوں میں اسموگ گنز کے ذریعے مسلسل آپریشن جاری ہے اور ای پی اے فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں، لاہور کی اہم شاہراہوں پر پانی کے چھڑکاو کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے ہنگامی اقدامات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ کی اسموگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، فیلڈ میں موثر مانیٹرنگ اور فوری اقدامات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسموگ کنٹرول کے لیے اسموگ گنز، پانی کے چھڑکاو اور دیگر ماحولیاتی اقدامات موثر ثابت ہوئے اور لاہور کے اے کیو آئی میں بہتری کا رجحان سامنے آیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ 7 بجے ہوا 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی، جس سے اے کیو آئی میں مزید بہتری متوقع ہے، شہریوں اور کسانوں کا ماحول کے تحفظ میں کردار نہایت اہم ہے۔
News Source: Express News