
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی میوزک اسٹریمنگ سروس ایپل میوزک کا دائرہ کار مزید 4 ممالک تک بڑھا دیا ہے، جس کے بعد یہ سروس اب دنیا بھر کے 172 ممالک اور خطوں میں دستیاب ہو گئی ہے۔ 9 ٹو 5 میک کی رپورٹ کے مطابق ایپل نے اپنی سپورٹ ویب سائٹ پر فہرست اپ ڈیٹ کرتے ہوئے پاکستان، البانیہ، برونائی اور برکینا فاسو کو ایپل میوزک کے نئے ممالک میں شامل کر لیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان چار میں سے تین ممالک پاکستان، البانیہ اور برکینا فاسو ان خطوں میں بھی شامل ہیں جہاں ایپل نے حال ہی میں آئی کلاوڈ پلس کے بعض پلانز میں ایپل ٹی وی اور ایپل آرکیڈ کی سہولت اضافی قیمت کے بغیر فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب برونائی اس فہرست میں شامل نہیں ہے جہاں ایپل ٹی وی کی سروس فی الحال دستیاب نہیں۔ ایپل میوزک کے دائرہ کار میں اضافے کے ساتھ ہی اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایپ کا نیا بیٹا ورژن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ایپل میوزک 7.0 میں لیکوئیڈ گلاس ڈیزائن، نیا فلوٹنگ نیویگیشن بار اور منی پلیئر سمیت متعدد تبدیلیاں شامل کی گئی ہیں۔ پاکستان میں ایپل میوزک کی دستیابی کے بعد صارفین اب اس سروس کو باضابطہ طور پر استعمال کر سکیں گے، جبکہ اینڈرائیڈ صارفین بھی نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے جدید ڈیزائن اور تازہ ترین فیچرز سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
News Source: Express News