جولائی تا اگست، ترسیلات زر اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

News Image

مالی سال 2026 کے ابتدائی دو مہینوں جولائی تا اگست کے دوران ترسیلات زر میں 14.7 فیصد کا بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد ترسیلات زر کی مالیت 7.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اقتصادی جائزہ رپورٹ کے مطابق جولائی تا اگست ترسیلات زر 14.7 فیصد اضافے کے ساتھ 7.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، اسی طرح اس عرصے کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بھی 24 فیصد اضافے سے 494.5 ملین ڈالر تک جا پہنچی۔ وزارت خزانہ کے مطابق صرف اگست کے مہینے میں ترسیلات زر میں 16.5 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 3.7 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا اگست برآمدات 4 فیصد اضافے کے بعد 5.44 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 11.4 فیصد اضافے سے 11.6 ارب ڈالر رہیں۔ اس عرصے میں جاری کھاتے کا خسارہ 853 ملین ڈالر سے کم ہو کر 543 ملین ڈالر رہ گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ جولائی تا اگست کے دوران مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 80.2 فیصد بڑھ کر 562.2 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ وزارت خزانہ نے بتایا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 26.8 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر یہ ذخائر 23.2 ارب ڈالر تھے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ جولائی تا اگست فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس وصولیاں 3.7 فیصد بڑھ کر ایک ہزار 722 ارب روپے تک پہنچ گئیں جبکہ زرعی قرضوں کی فراہمی 16.4 فیصد اضافے سے 271.9 ارب روپے ریکارڈ کی گئی۔ مہنگائی کے حوالے سے وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ جولائی تا اگست مہنگائی کی شرح 3.6 فیصد سے بڑھ کر 10.2 فیصد ہو گئی اور اگست میں مہنگائی کی شرح 3.1 فیصد سے بڑھ کر 11.1 فیصد تک پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کی شرح نمو 8.93 فیصد سے کم ہو کر 3.03 فیصد پر آ گئی، تاہم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس ستمبر میں 3.51 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 69 ہزار 600 پوائنٹس پر پہنچ گیا جبکہ جولائی میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 38.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا اور 10 ہزار 199 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی