
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے نئے فولڈ ایبل اسمارٹ فون آئی فون ڈوو کے رواں سال تقریباً ساٹھ لاکھ یونٹس فروخت ہونے کا امکان ہے۔ مارکیٹ ریسرچ ادارے کاونٹر پوائنٹ ریسرچ کے مطابق فون کی قیمت اور صارفین کی ممکنہ دلچسپی اس کی طلب میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ آئی فون ڈوو کی قیمت ایک ہزار نو سو ننانوے ڈالر مقرر کی گئی ہے جو سام سنگ گلیکسی زیڈ فولڈ آٹھ سے تقریباً ایک سو ڈالر زیادہ ہے۔ کاونٹر پوائنٹ ریسرچ کے ریسرچ ڈائریکٹر ترُن پاٹھک کے مطابق ایپل کی جانب سے قیمت کا تعین لانچ کے نمایاں پہلووں میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی جنریشن کے فولڈ ایبل فون کے لیے قیمت کو دو ہزار ڈالر سے کم رکھنا ایک جرات مندانہ فیصلہ ہے اور اس قیمت پر خاص طور پر موجودہ آئی فون پرو صارفین اور ان افراد میں طلب پیدا ہو سکتی ہے جو طویل عرصے سے ایپل کے فولڈ ایبل فون کے منتظر تھے۔ تاہم، ساٹھ لاکھ یونٹس کی فروخت کا تخمینہ زیادہ سے زیادہ ممکنہ سطح پر ہے اور اس کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ ایپل اپنی پیداواری صلاحیت میں کتنی تیزی سے اضافہ کرتا ہے۔ کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو جان ٹرنَس نے اس کے ڈیزائن کو سوچا سمجھا ڈیزائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیگر کمپنیوں کے کچھ فولڈ ایبل فون ایسے دکھائی دیتے ہیں جیسے دو فونز کو ساتھ جوڑ دیا گیا ہو۔
News Source: Express News