ویلتھ اسٹیٹمنٹ بدل کر 9 ارب روپے کا فراڈ، 48 انکوائریاں شروع

News Image

ایف بی آر نے ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں 9.41 ارب روپے کا فراڈ پکڑ لیا اور ٹیکس دہندگان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔ یہ فراڈ ان لینڈ ریونیو نے پاکستان ریونیو آٹومیشن کے تعاون سے ایف بی آر کے ڈیٹا بیس کے تجزیے کے ذریعے بے نقاب کیا۔ ٹیکس دہندگان نے اپنی پرانی ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں غیر قانونی ترامیم کر کے 9.41 ارب روپے مالیت کے غیر واضح اثاثے اپنی ظاہر شدہ دولت میں شامل کیے۔ 85 ایسے ٹیکس دہندگان کی نشاندہی ہوئی جنہوں نے مارچ 2025 سے جون 2026 کے دوران 2014 سے 2019 تک کی ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں ترمیم کر کے نقد رقم، سونا، پرائز بانڈز، جائیدادیں اور کاروباری سرمایہ شامل کیا۔ درج کیے گئے ایک مقدمے میں لاہور کے ایک ٹیکس دہندہ نے مئی 2026 میں 2015 کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں ترمیم کر کے 10 کروڑ 28 لاکھ روپے کے فرضی فنڈز شامل کیے۔ بعد ازاں یہ رقم 2025 تک کی ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں آگے بڑھائی گئی اور 2026 میں خریدی گئی 6 کروڑ 44 لاکھ روپے مالیت کی سات جائیدادوں کا جواز بنانے کے لیے اسٹیٹمنٹ استعمال کی گئی۔



News Source: Express News

جدید تر اس سے پرانی