
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ والد کی خدمت اور ان کی خواہشات کا خیال رکھنے کی بدولت اللہ تعالیٰ نے انہیں زندگی میں بے شمار نعمتوں، برکتوں اور کامیابیوں سے نوازا ہے۔ نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے نادیہ خان نے بتایا کہ ان کا یہ پختہ یقین ہے کہ انہیں زندگی میں جو کچھ بھی ملا، اس میں والد کی خدمت کا بہت بڑا حصہ شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد جب بھی سفر کرتے ہیں تو ہمیشہ اکانومی کلاس کا ٹکٹ لیتے ہیں، لیکن وہ ہر بار اسے بزنس کلاس میں تبدیل کروا دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ شاید اپنے لیے ایسا نہ کریں، مگر اپنے والد کے لیے ضرور کرتی ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد اب عمر رسیدہ ہو چکے ہیں لیکن آج بھی انہیں وہ تمام لمحات یاد ہیں جب انہوں نے ان کا خیال رکھا اور انہیں سہولت فراہم کی۔ اللہ تعالیٰ نے والد کی خدمت کا انہیں بہت اجر عطا کیا ہے۔ نادیہ خان نے مزید بتایا کہ ان کے والد کی خواہش تھی کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد مری میں رہائش اختیار کریں، تاہم بچوں کی شادیوں کے اخراجات کی وجہ سے وہ اپنا یہ خواب پورا نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی سے واپسی کے بعد ان کے والد نے رمضان کا مہینہ مری میں گزارنے کی خواہش ظاہر کی۔ وہاں قیام کے دوران ہوٹلوں کے مہنگے کرایوں اور صفائی کی ناقص صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہوں نے فیصلہ کیا کہ والد کے لیے وہاں ایک مستقل رہائش خریدی جائے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعد میں انہوں نے بھوربن میں اپنے والد کے لیے ایک کاٹیج خریدا جس کا نام 'ابا کاٹیج' رکھا گیا۔ ان کے والد آج بھی وہاں جانا پسند کرتے ہیں اور اکثر اپنا وقت اسی کاٹیج میں گزارتے ہیں۔ نادیہ خان نے والدین کی خدمت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہت کم بچے اپنے والدین کی خواہشات کو یاد رکھتے اور انہیں پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، حالانکہ والدین اپنی پوری زندگی اپنی خوشیوں اور ضروریات کو اولاد کی خاطر قربان کر دیتے ہیں۔
News Source: Express News