
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید معمولی کمی کر دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن وزارت توانائی کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارت توانائی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے وضع کردہ طریقہ کار کی روشنی میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں مقرر کی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپیہ 89 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 400 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 14 پیسے فی لیٹر کی معمولی کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 387 روپے 40 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی ان نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ ردوبدل عالمی منڈی کی صورت حال، بین الاقوامی واقعات، پلاٹس ریٹ اور پریمیم میں ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
News Source: Express News