
دہری شہریت رکھنے والے سرکاری افسران سے متعلق قواعد 2026 پر عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت سول سرونٹس کو غیر ملکی شہریت کا ڈیکلریشن ایک ہفتے کے اندر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق تمام افسران کے لیے اپنی غیر ملکی شہریت، غیر ملکی سفری دستاویزات اور غیر ملکی شہری سے شادی کی تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات کی عدم تعمیل یا غلط معلومات دینے پر محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ ڈیکلریشن جمع کرانے کے لیے افسران کو ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے، جبکہ معلومات نہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ آفس میمورنڈم کے مطابق غلط ڈیکلریشن جمع کرانا سول سرونٹس کے لیے مس کنڈکٹ تصور ہوگا اور اس کی خلاف ورزی پر سول سرونٹس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کے تحت کارروائی ہوگی۔ افسران کو اپنے ساتھ ساتھ اپنے زیر کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت کی تفصیلات بھی دینا ہوں گی۔ مزید برآں چیف سیکرٹریز اور صوبائی پولیس سربراہان کو بھی اسی نوعیت کے اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
News Source: Express News